سوڈان خانہ جنگی؛ غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کا انخلا جاری

خرطوم: سوڈان میں ملکی فوج اور باغی پیرا ملٹری فورس کے درمیان خانہ جنگی میں شدت آگئی جس کے باعث غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کی ان کے وطن بحفاظت واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے 90 اور امریکا نے 100 کے قریب سفارت کاروں معہ اہل خانہ اور اپنے شہریوں کو سوڈان سے فضائی، بری اور بحری راستوں سے واپس بلالیا۔

اسی طرح فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے بھی اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا جن کی مجموعی تعداد 200 بنتی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : سوڈان میں عید پر جنگ بندی کے باوجود جھڑپیں؛ ہلاکتیں 400 سے متجاوز

اب بھی سوڈان میں دہری شہریت کے حامل امریکی اور دیگر ممالک کے ہزاروں شہری سوڈان میں پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث 20 ہزار افراد غیر قانونی طور پر سرحد پار کرکے پڑوسی ملک چاڈ پہنچ گئے اور کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔

واضح رہے کہ متحارب گروپس کے درمیان عید پر تین روز کی جنگ بندی کے باوجود خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک اور 5 ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔