سعودی عرب میں رمضان سیزن لگانے والے 1704 بھکاری پکڑے گئے

ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ماہ رمضان المبارک میں بھکاریوں کا روپ دھار کر عازمین اور لوگوں سے پیسے بٹورنے والے 1704 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق بھکاریوں کے خلاف آپریشن یکم رمضان سے بیس رمضان تک کیا گیا جس کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ چندے یا عطیات کیلیے چلائی گئی 47 جعلی مہم کو بھی ناکام بنایا گیا۔

محکمہ پبلک سییکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے عمرہ سیکیورٹی فورسز کے عہدیداران کے ساتھ پریس کانفرنس میں بتایا کہ منفی اور جعلی طریقوں سے شہریوں کو بے وقوف بنانے والوں کے خلاف ایکشن کیا جارہا ہے جس میں بھکاریوں کو پکڑنا بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمرہ سکیورٹی فورسز نے ماہ رمضان میں اپنے طے کردہ اہداف حاصل کیے جبکہ ہماری فورسز رمضان کے آخری عشرے میں بھی ہر قسم کے چلینجز سے نمٹنے کیلیے تیار ہیں.