PTI Flag

پی ٹی آئی کے لاپتا رہنما اظہرمشوانی گھر واپس پہنچ گئے

لاہور: تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے ’گمشدہ‘ سربراہ اظہر مشوانی اپنے گھر پہنچ گئے۔

جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں عمران خان کے ترجمان برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی نے لکھا کہ ’’الحمدللہ میں ابھی بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ چکا ہوں۔ ان آٹھ دنوں میں آپ کی دعاؤں، کاوشوں اور تعاون نے تاعمر کے لیے ہمیں مقروض کر دیا ہے۔ جزاک اللہ، دعا ہے کہ ہمارے دیگر اسیر کارکنان بھی جلد اپنی فیملیز کے ساتھ افطاری کریں۔‘‘

گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو اظہرمشوانی کو بازیاب کراکے 3 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اظہرمشوانی کی گمشدگی کے بعد درج کرائی گئی ایف آئی آر میں ان کے بھائی مظہر الحسن نے موقف اختیار کیا تھا کہ ’جمعرات کو دن پونے تین بجے اظہر قاضی ٹیکسی سروس ’ کریم ‘ پر اپنے گھر ٹاؤن شپ سے زمان پارک کے لیے نکلا اور پھر تھوڑی دیر بعد اس کا نمبر بند ہو گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد کوشش کے باوجود اظہر قاضی کا کوئی پتا نہ چل سکا۔ سائل کو قوی شبہ ہے کہ اظہر قاضی کو نامعلوم اشخاص نے جانی نقصان کی خاطر اغوا کر لیا ہے۔‘‘