Rector Scale

تاجکستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.8 شدت کا زلزلہ

دوشنبے: تاجکستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.8 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق تاجکستان میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 20 کلو میٹر زیر زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان کے علاقے علیچر سے 47 کلو میٹر دور ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ ازبکستان، چین، بھارت، افغانستان اور کرغزستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل ہی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان اور پڑوسی ممالک میں بھی بڑے زلزلے کے امکانات موجود ہیں جب کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری 2023 کو آنے والے خوفناک زلزلے کی پیش گوئی بھی صحیح ثابت ہوئی جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرچکی۔