Pak Army in Turkey

پاکستانی امریکی ڈاکٹرز نے زلزلہ متاثرین کیلیے ساڑھے 3لاکھ ڈالرز جمع کرلیے

واشنگٹن: پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط تعلق کی عکاسی کرتے ہوئے پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی ڈیسنٹ فزیشنز آف نارتھ امریکا (اپنا) ترکی میں قدرتی آفت سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی امداد کے لیے وسائل کو متحرک کرنے میں سرگرم عمل ہے۔

گذشتہ روز ’’اپنا‘‘ کی جانب سے منعقدہ زوم ٹیلی تھون میٹنگ کے دوران ایک گھنٹے میں 3لاکھ 65 ہزار ڈالرز کے عطیات اکھٹے کیے۔ ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے کی جانے والی اپیل پر ’’اپنا‘‘ ممبران اور مختلف شہروں میں تنظیمی ڈھانچوں کی جانب سے فوری اور فراخدلانہ ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

’’اپنا‘‘ جارجیا کی جانب سے 63,500 ڈالرز کا عطیہ دیا گیا ہے جبکہ ’’اپنا‘‘ اوکلاہوما اور خیبر ایلومنائی کی جانب سے بالترتیب 32,000 ڈالر اور 25,000 ڈالر کے عطیات دیے گئے۔
ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے منعقدہ ٹیلی تھون میں پاکستانی سفیر مسعود خان اور ترک سفیر حسن مورت مرجان نے بطور کلیدی مقررین شرکت کی۔

ترک سفیر نے اپنے خطاب میں ترکی کی جدوجہد آزادی کے دوران پاکستانی قوم کے جذبات، فراخدلی اور حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں قومیں بھائی چارے کے رشتے میں بندھی ہوئی ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کی شریک رہی ہیں۔

زلزلے کے بعد پاکستان اور امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فوری ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور فنڈ ریزنگ تقریب کے انعقاد پر ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

ترک سفیر نے کہا کہ ترکی میں آنے والا زلزلہ موجودہ دور کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک ہے اور زلزلے سے متاثرہ علاقہ یونان اور آسٹریا سمیت کئی یورپی ملکوں سے زیادہ وسیع ہے۔

ترک سفیر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان کے اس بیان سے بہت متاثر ہوئے ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا کیونکہ ترکیہ نے بھی پاکستان کو کبھی بھی کسی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے انسانی ہمدردی کے محاذ پر ہمیشہ سرگرم رہنے اور ترکیہ میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد پر ’’اپنا‘‘ کے کردار کو سراہا۔

مسعود خان نے کہا کہ ہمارے دل ترکیہ میں پیش آنے والے سانحے پر رنجیدہ ہیں اور ہم ترک عوام کے لیے دعا گو ہیں جو موجودہ صدی کے ایک بڑے اور مہلک زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے ’’اپنا‘‘ کی قیادت خاص طور پر صدر ڈاکٹر ارشد ریحان اور چیئرپرسن اپنا سوشل ویلفیئر اینڈ ڈیزاسٹر ریلیف کمیٹی ڈاکٹر راشد حنیف کی خدمات کو سراہا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم ’’اپنا‘‘ کی جانب سے انسانی خدمت کے جذبے اور ترکیہ کے عوام کی مشکلات کا احساس کرنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں ترک ہم منصب کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان نے اپنے کلمات میں کہا کہ ترکیہ اور پاکستان عوام ایک ہیں۔ ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر پوری پاکستانی کمیونٹی صدمے سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج یہاں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور انہیں بتانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں کہ ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں سانحے کے دوران اپنا کی جانب سے کی جانے والی امداد دراصل ہمارے جذبات کی عکاس ہے۔

اس موقع پر اپنا کے صدر نے زلزلہ زدگان کو طبی امداد فراہم کرنے میں مدد کے لیے طبی مشن ترکیہ بھیجنے کی پیشکش بھی کی۔

امریکا کے دیگر شہروں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھی ترکیہ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔ جنوبی کیلیفورنیا میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے ترک زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 1 لاکھ ڈالرز کے عطیات اکھٹے کیے ہیں۔

اس موقع پر پاکسانی سفیر مسعود خان نے امدادی سرگرمیوں میں فراخدلی سے تعاون کرنے پر امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور کمیونٹی رہنماوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔