Pakistan Stock Exchange

ہفتہ رفتہ؛ پاکستانی روپیہ 2.63 فیصد تگڑا، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

کراچی: آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی امیدوں پر ہفتہ وار کاروبار کے دوران ڈالر بیک فٹ پر رہا۔

آئی ایم ایف کی مطلوبہ شرائط تسلیم کرنے اور حتمی مذاکرات سے امید کی فضا پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں پانچ روزہ کاروبار کے دوران ڈالر کی نسبت پاکستانی روپیہ 2.63 فیصد تگڑا ہوا۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو کی قدروں میں کمی ہوئی، ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 270 روپے سے نیچے آ گئے جبکہ اوپن ریٹ 273 روپے کی سطح پر آ گئے۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 7.29 روپے گھٹ کر 269.28 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10روپے گھٹ کر 273روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کی امید پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے تیزی رہی،ملکی و غیرملکیوں کی انویسٹمنٹ سے کاروبار کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا، آئل اینڈ گیس ریفائنری بینکنگ سیکٹر کے حصص توجہ کا مرکز رہے۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس کی 41000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور ہوگئی،نئے ٹیکسز عائد کے جانے کے اعلان سے ہفتے کے اختتامی سیشن میں مندی بھی ہوئی جس سے ایک روز قبل ہی انڈیکس کی بحال شدہ 42ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ گرگئی۔

ہفتہ وار کاروبار کے ابتدائی 4سیشن میں تیزی اور اختتامی سیشن میں مندی رہی،مجموعی طور پر تیزی کے سبب حصص کی مالیت 2کھرب 7ارب 61کروڑ 22لاکھ 12ہزار 955روپے بڑھ گئی جس سے مجموعی سرمایہ بھی بڑھکر 65کھرب 59ارب 85 کروڑ 42لاکھ 93ہزار 282 روپے ہوگیا۔