Lentals

عوام کے لئے اچھی خبر دالوں کی قیمتیں 25 روپے فی کلو تک کم

اسلام آ باد : بندرگاہ پر پھنسے کنٹینرز ریلیز ہونے کے بعد ملک میں دالوں کی قیمت میں 25روپے کی کلو تک کمی واقع ہوگئی ۔ کراچی کی دونوں بندرگاہوں میں پھنسے ہزاروں کنٹینرز ریلیز ہونا شروع ہوگئے ہیں، حکومتی احکامات کی روشنی میں اشیائے خور و نوش اور عام ضروریات کی چیزوں کو فوقیت دی جارہی ہے۔ چند روز کے دوران بندرگاہوں پر موجود اجناس سے بھرے 2400کنٹینرز ریلیز کردیئے گئے ہیں۔ جس کے اثرات ملک بھر کی ہول سیل مارکیٹوں پر پڑا ہے۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرئوف ابراہیم کا کہنا ہے کہ کنٹینرز پھنسنے کی وجہ سے ناجائز منافع خوری شروع ہوئی تاہم کنٹینرز ریلیز ہونے سے مارکیٹ میں سٹے باز بیوپاریوں کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں دالوں اور دیگر اجناس کی قلت ختم اور سپلائی میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے مختلف دالوں کی قیمتیں 25 روپے فی کلو گرام تک کم ہوگئی ہیں۔