FBR

ایف بی آر کا عوام کے ٹیکسز سے اپنے افسران کو بھاری مراعات دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے پوائنٹ آف سیل فیس سے حاصل ہونیوالے ریونیو سے اپنے افسران کو بھاری الاؤنسز و مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پوائنٹ آف سیلز فیس کی مد میں اکٹھا ہونے والے ریونیو سے ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے آئی ای آر ایس کامن پول فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اس فنڈ کو 25 ہزار سے 35 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس رینٹ سبسڈی،افسران کیلئے ان لینڈ ریونیو میس قائم ہوگا جس کیلئے ایک بار 30 لاکھ روپے تک کے آلات و سامان خریدے جاسکیں گے، جبکہ تین لاکھ روپے ماہانہ تک کا کرایہ،ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک یوٹیلٹی بلز کی مد میں اور ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک پرائیوٹ طور پر بھرتی کئے جانیوالے اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے فراہم کئے جائیں گے۔

دوران سروس شہید ہونیوالے ان لینڈ ریونیو کے اہلکاروں و افسران کے ورثاء کو پندرہ لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔