PTI Flags

عمران خان نے کل سے ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیے جانے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کل سے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

اپنے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جارہے ہیں، کل سے مظاہرے شروع کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل لاہور جبکہ بدھ کو راولپنڈی میں احتجاج کریں گے، محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹ کو لگائے گا جو الیکشن میں دھاندلی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالا ہوا ہے، سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ انتشار نہ ہونے دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ یہ الیکشن میں ہمیں ہرا نہیں سکتے، اس لیے الیکشن نہیں کراتے، ہمارے مخالف لوگوں کا اب ایک پوائنٹ ایجنڈا ہوگا پی ٹی آئی کو کیسے دبانا ہے، یہ تب الیکشن کرائیں جب انتظامیہ اور عملہ ان کا اپنا ہوگا۔