Flour Update

سندھ میں گندم 58 اور آٹے کی قیمت 105 روپے فی کلو مقرر

سندھ حکومت پیر سے چکی والوں کو 58 روپے کلو گندم دے گی جس کا بنا آٹا وہ 105 روپے کلو میں بیچیں گے۔ اس پر کمشنر کراچی نے حکم نامہ جاری کیا ہے۔ تاہم اس وقت اوپن مارکیٹ میں فی کلو گندم کا بھاؤ 115 روپے کلو ہے اور چکی آٹا 130 سے 140 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

گذشتہ ہفتے سے سندھ حکومت مارکیٹ کو 58 روپے کلو گندم فراہم کر رہی ہے۔ لیکن اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم ہونے کے بجائے ایک کلو پر بارہ روپے بڑھ گئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ایک کلو گندم کا بھاؤ 112 بھی ہے اور 115 روپے بھی، چکی والے 130سے 140 روپے میں آٹا بیچ رہے ہیں۔

کمشنر کراچی نے شہر میں ڈھائی نمبر آٹے کی ایکس مل قیمت 95 روپے اور ریٹیل 98 روپے مقرر کی ہے۔ کمشنر لسٹ میں فائن آٹے کا ریٹ شامل نہیں ہے۔ جبکہ چکی کے آٹے کا بھاؤ 105 روپے مقرر کیا ہے۔

سوال یہ ہے کہ112 روپے کلو گندم پر یہ کیسے ہوگا۔ ہاں اگر چکیوں کی تمام ضرورت حکومت پوری کرنا شروع کردے تو ایسا ممکن ہے۔

حکومت پچھلے ہفتے سے مسلسل گندم جاری کر رہی ہے۔ ہول سیلز مارکیٹ ذرائع کیلئے گندم کی قیمت 12 روپے کلو بڑھنا، سمجھ سے بالاتر تھا۔

کہا جارہا تھا کہ کسی نے انتظام کی دھجیاں ادھیڑ کر اپنی قیمت مقرر کروالی۔ آٹا 100 روپے کلو سے کم نہیں ملے گا۔ ریاستی ادارے منہ دیکھ رہے ہیں۔ لوگ بلبلا رہے ہیں۔

سندھ کے پونے پانچ کروڑ لوگوں کو صوبے کی حکومت یومیہ 60 لاکھ کلو آٹا 65 روپے کلو میں بیچ رہی ہے۔ بقول سندھ حکومت تلوار سے لگے گھاؤ پر ایک روپے والی زخم کی پٹی لگا رہی ہے۔