Punjab Assembly

پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے الیکشن کمیشن کو چار نام موصول

پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے چار نام الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے، الیکشن کمیشن نے ان ناموں پر ورکنگ کا آغاز کردیا ہے۔

پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی طرف سے صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز گئے تھے، جب کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے احد چیمہ اور محسن نقوی کے نام بھیجے۔

اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے بعد چاروں نام الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے جو ادارے کو موصول ہوگئے ہیں اور الیکشن کمیشن نے موصول شدہ ناموں پر ورکنگ کا آغاز کردیا۔

الیکشن کمیشن کو موصول شدہ چاروں ناموں کے پروفائل تیار کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، تفصیلی پروفائل میں چاروں کی قابلیت اور اپنے شعبے میں کارکردگی شامل ہوگی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن پروفائل اجلاس میں پیش کریں گے، اور الیکشن کمیشن 22 جنوری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کرے گا۔