PIA Airplane Tail

پی آئی اے طیاروں کی دم کا ڈیزائن تبدیل کرنے کی تیاریاں

قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) ( PIA ) کے طیاروں پر موجود کلر اسکیم اور دم کا ڈیزائن ایک بار پھر تبدیل کرنے کی سفارش تیار کرلی گئی ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے مختلف ڈیزائن اور کلر اسکیم پر مبنی سفارشات بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پیش کی گئی ہیں۔ بورڈ ارکان نے کلر اسکیم تبدیلی کی صورت میں اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

کلر اسکیم کی تبدیلی مقامی اور غیر ملکی ماہرین سے کرانے کی صورت میں بھی تخمینہ طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کے طیاروں کی دم پر مارخور کی تصویر اور نئی بلیو کلر اسکیم 2018 میں متعارف کرائی گئی تھی۔ تاہم عوامی دباؤ پر اس کلر اسکیم کو ختم اور موجودہ کلر اسکیم کو بحال کیا گیا تھا۔

بورڈ کی جانب سے پیش سفارشات واپس کر کے مزید ڈیزائن اور اسکیم پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے طیاروں کا رنگ سفید اور باڈی پر موجود ہری پٹی ختم رکھنے کی تجویز پیش کی تھی۔

طیاروں کی دم پر موجود پاکستانی پرچم کے نیچے موجود بیچ کلر کی پٹی کے خاتمے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ بورڈ ارکان نے طیاروں پر لازمی طور پر پاکستان لکھوانے سمیت دیگر تجاویز لانے کی ہدایت بھی جاری کردیں۔