KPK Assembly

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے اعظم خان کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےلیے حکومت اور اپوزیشن اعظم خان کے نام پر مفتق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی اکرام خان درانی کے درمیان ملاقات میں فیصلہ ہوا۔ اعظم خان کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔

ملاقات کے بعد اکرم درانی کا کہنا تھا کہ دو، تین نام ان کے تھے، دو نام ہمارے پاس تھے، ہم نے مشورہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں نہیں ڈالیں گے، تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن اور وزیراعلیٰ نے بیٹھ کراہم فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان، پرویز خٹک اور اسپیکر کا مشکور ہوں۔

اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ ہم نے مشورہ کیا کہ ایک ایسا آدمی ہوں جو معیشت اور صوبے کے حالات سے واقف ہوں۔ نگران وزیر اعلی کی نامزدگی کے لئے محمود خان اور اکرام درانی نے گورنر کو مراسلہ بھیج دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ اعظم خان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ مشاورت کے بعد اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا گیا۔عوامی نمائندےبیٹھ کرفیصلہ کریں توایک اچھاپیغام جائے گا۔

واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےلیے نامزد اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پیٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکریٹری بھی رہے ہیں۔

قبل ازیں پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام پرڈیڈ لاک کے بعد عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو خیبرپختونخوا میں اپوزیشن سے معاملات افہام و تفہیم سے طے کرنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے کہ 18 جنوری کو خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد صوبائی اسمبلی کو تحلیل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت 17 جنوری کو اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی گئی تھی۔