PMLN

آج 35 پنکچر لگے، ٹیوب ٹائر نیا لیں، چوائس نہیں، خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاہے کہ کراچی کا میئر انشاء اللہ جماعت اسلامی ہی بنائے گی.

جماعت اسلامی کے پاس پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی دونوں آپشن ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنا میئر بنانا چاہتی ہے تو ہمارے ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج جو 35پنکچر لگے ہیں اب لگاتے رہیں ٹیوب ٹائر نیا لے لیں کوئی چوائس نہیں ہےط پی ٹی آئی کے کچھ لوگ استعفے نہیں دیناچاہتے، کچھ ارکان نے چھٹیوں کی درخواست دی ہے جبکہ کچھ لوگ حاضری بھی لگاتے ہیں،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کا میئر انشاء اللہ جماعت اسلامی ہی بنائے گی، جماعت اسلامی کراچی کی نمبر ایک پارٹی ہے

نشستیں بڑھنے کے بعد ہماری بات جائز ثابت ہوگئی ہے، ہماری دو سیٹیں واپس آگئیں سات کا انتظار ہے، پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن رکاوٹ نہ بنے ہمارا جائز حق ہمیں دیدے، پیپلز پارٹی ہمارا مینڈیٹ تسلیم کر کے آر اوز سے نتائج جاری کروادیں ، جس دن نتائج جاری ہوں گے ہم بات چیت شروع کردیں گے

جماعت اسلامی کے پاس پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی دونوں آپشن ہیں، ذاتی طور پر میئر کراچی کیلئے اتفاق رائے چاہتا ہوں تاکہ شہر کیلئے کام شروع ہوجائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے جن حلقہ بندیوں پر اعتراض کیا وہ صحیح ہوجاتیں تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوتا، ہمیں بھی حلقہ بندیوں پر اعتراض تھا لیکن ہم تاخیر کرتے تو یہ الیکشن میں کئی سال تاخیر کردیتے، ہم نے کمپرومائز مینڈیٹ لیا ورنہ اتنا مینڈیٹ ہوتا کہ سادہ اکثریت سے میئر بناسکتے تھے، پیپلز پارٹی پہلے زیادتی کا ازالہ ہونے دے الیکشن کمیشن کو مجبور نہ کرے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ ہماری کیلکولیشن کے مطابق ہم نے بلدیاتی انتخابات میں کراچی سے 96نشستیں حاصل کی ہیں، پیپلز پارٹی کے ڈیڑھ درجن امیدواروں نے بھی دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے، دوبارہ گنتی میں جہاں جماعت اسلامی کے نمبرز کم ہوئے انہوں نے بائیکاٹ کردیا، کچھ بھی ہوجائے آخر میں ہمارا نمبر جماعت اسلامی سے زیادہ ہی ہوگا

پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کراچی میں میئر ہمارا ہو، جماعت اسلامی اپنا میئر چاہتی ہے تو ہمارے ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے تھے، ہماری سیاست شطرنج کا کھیل بن گئی ہے، ڈپٹی اسپیکر نے فیصلہ کن رات کو پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرلیے تھے، شاہ محمود قریشی نے باآواز بلند کہا تھا ہم نے استعفے دیدیئے ہیں

پی ٹی آئی کے کچھ لوگ استعفے نہیں دیناچاہتے، کچھ ارکان نے چھٹیوں کی درخواست دی ہے جبکہ کچھ لوگ حاضری بھی لگاتے ہیں، تحریک انصاف کے تقریباً 90اراکین ابھی بھی پارلیمنٹ لاجز میں مقیم ہیں، ہم نے سیاسی شطرنج میں چال چلی ہے کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے استعفے دیئے اب تین عہدے مانگتے ہیں، حکومت اپنی ہمت اور طاقت کے مطابق کام کررہی ہے، عمران خان نے اپنے چار سال میں لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا

عمران خان 35نشستوں پر الیکشن لڑیں ہمیں الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں ہے، 2014ء میں بھی یہ منتیں کر کے آئے تھے اب بھی منتیں کررہے ہیں، آج جو 35پنکچر لگے ہیں اب لگاتے رہیں ٹیوب ٹائر نیا لے لیں کوئی چوائس نہیں ہے، پی ٹی آئی کے باقی 70ارکان کے استعفے بھی قبول کرسکتے ہیں۔