PTI Rally

عمران خان نے پی ٹی آئی کا صدر بنانے کی آفرکی ہے، پرویزالہٰی

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر کا عہدہ آفر کیا ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں پرویز الہٰی نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے پارٹی صدر بننے کی دعوت دی ہے لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف میں انضمام کی کوئی بات نہیں، کوئی حتمی رائے قائم نہیں ہوئی ہے، ابھی مشاورت کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ق لیگ کے تمام 10 ایم پی ایز اور دیگر عہدے دار اپنے حلقوں میں جاکر مشاورت کرکے جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نوٹس دینے والوں کو پہلے ہی تکلیف ہوگئی ہے لیکن انہیں موقع نہیں ملے گا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ کوئی شک نہیں کہ عمران ان کے لیڈر اور محسن ہیں، انہیں وزیراعلیٰ بنایا وہ یہ احسان کیسے بھول سکتے ہیں۔