Dollar Rate Pile

ڈالر کے نرخ بڑھنے کا سلسلہ بدستور برقرار

کراچی: زرمبادلہ کا بحران ہفتہ وار بنیادوں پر شدت اختیار کرنے اور ملکی زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 5 ارب ڈالر سے بھی نیچے آنے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔

آئی ایم ایف قرض پروگرام کی انتہائی سخت شرائط کے ساتھ بحالی کی خبروں سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 47 پیسے کے اضافے سے 227.60 روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 27 پیسے کے اضافے سے 227.40 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 25 پیسے کے اضافے سے 236.75 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ دوست ممالک سے نقد زرمبادلہ کا راستہ ہموار نہ ہونے اور غیریقینی معاشی حالات کی وجہ سے ڈالر یومیہ بنیادوں پر نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔