ڈالر کی اڑان میں مزید اضافہ

کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 17 پیسے اضافے کے بعد غیرملکی کرنسی کی قیمت 227 روپے سے تجاوز کرگئی۔

دوست ممالک سے کیش انفلوز کا راستہ ہموار نہ ہونے اور آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر سے جمعرات کو بھی ڈالر کی اڑان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 227 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔

کاروباری دورانیے کے دوران ڈیمانڈ بڑھنے کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 48 پیسے کے اضافے سے 227.42 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 17پیسے کے اضافے سے 227.11روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کوئی تبدیلی نہیں آئی۔