State Bank of Pakistan

اسٹیٹ بینک کا مخصوص شعبوں کیلیے زرمبادلہ قوانین میں نرمی کا اعلان

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 9 مئی اور 5 جولائی کو جاری کردہ ہدایات اور زرمبادلہ کے سخت قواعد وضوابط کو مخصوص شعبوں کے لیے نرم کرنے کا اعلان کردیا۔

اسٹیٹ بینک نے گزشتہ روز زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو جاری کردہ ای پی ڈی سرکلر لیٹر نمبر 20 کے تحت گاڑیوں کے پرزہ جات،آلات سمیت فیول اور انرجی سیکٹر کے پرزہ جات، مشینری اور کمپوننٹس، الیکٹرانک اور الیکٹرک پرزہ جات کی درآمد کے لیے اسٹیٹ بینک کی پیشگی منظوری کی شرط ختم کردی۔

گاڑیوں کے پرزہ جات اور سی کے ڈی کی درآمد کے لیے اسٹیٹ بینک کی پیشگی منظوری کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو ایچ ایس کوڈ چیپٹر 84، 85 اور 87 کے تحت درآمد کی جانے والی اشیاء کے لیے اجازت نہیں لینی ہوگی۔ زیرالتواء درخواستیں ڈیلرز کو واپس کردی جائیں گی۔

اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز انتہائی ضرورت کی اشیاء کو ترجیحاً زرمبادلہ فراہم کریں، اشیائے خوراک،گندم، خوردنی تیل، ادویات کے خام مال، جان بچانے والی ادویات اور طبی و سرجری آلات کو ترجیح دی جائے۔ پٹرولیم سیکٹر، آئل گیس اور کوئلے کی درآمدات کو ترجیحاً زرمبادلہ فراہم کیا جائے۔ پٹرولیم سیکٹر کی درآمدات کے لیے میرٹ آرڈر پر عمل کرنا ہوگا۔