State Bank of Pakistan

امپورٹ پر 8 ماہ سے عائد سخت ترین پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ

پاکستان میں 8 ماہ سے امپورٹ پر عائد سخت ترین پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے درآمدات پر پابندیوں کے مئی اور جولائی میں جاری اپنے سرکلرز واپس لے لئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری نئے سرکلر کے مطابق درآمدات پر عائد 8 ماہ سے سخت ترین پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مرکزی بینک نے مئی اور جولائی میں جاری کئے گئے سرکلرز واپس لے لئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2 جنوری سے نئی ہدایات پر عملدرآمد کا سرکلر نمبر 20 مجاز فارن ایکسچینج ڈیلرز کو جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گندم، کوکنگ آئل، فارماسیوٹیکل درآمد کیلئے سب سے پہلے ڈالرز دیئے جائیں، جان بچانے والی ادویات اور سرجیکل آلات کی درآمد کیلئے بھی سب سے پہلے ڈالرز دیئے جائیں۔

سرکلر کے مطابق درآمدات پر پابندی کے حوالے سے بنائے گئے چیپٹر 84، 85 اور 87 ختم کردیئے گئے ہیں۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے درآمدات کو ترجیح دینے کے حوالے سے 5 کیٹیگریز بنادیں، جس میں لازمی اشیاء، انرجی، صنعتوں کے پرزہ جات، زرعی درآمدات اور مؤخر ادائیگی والی درآمدات شامل ہیں۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات، گیس اور کوئلے کی درآمد کیلئے ترجیحاً ڈالرز فراہم کئے جائیں، برآمدی صنعتوں کے خام مال اور پرزہ جات کی درآمد کیلئے بھی ڈالرز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، زرعی شعبے کیلئے کھاد، بیج اور کیڑے مار ادویات کی درآمد کی بھی اجازت دیدی گئی۔