Karachi Federal Urdu University

سرکاری خرچ پر بیرون ملک گئے اردو یونیورسٹی کے 6 پروفیسرز کا واپسی سے انکار

اسلام آباد: پی ایچ ڈی کے لیے بیرون ملک جانے والے وفاقی اردو یونیورسٹی کے 6 پروفیسرز کے وطن واپس نہ آنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آڈٹ رپورٹ 20-2019 کے جائزہ کے لیے نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے چیئرمین ایچ ای سی اور ریکٹر نمل کی عدم شرکت پر اظہار ناراضگی کیا۔

پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ملک بھیجنے کے معاملے پر آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پروفیسرز کو بھجوانے پر چار کروڑ 57 لاکھ روپے خرچ ہوئے لیکن پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد 6 پروفیسر واپس نہیں آئے۔

قائم مقام وی سی اردو یونیورسٹی نے کہا کہ معاملہ پر عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس پر سمن جاری کر دیے ہیں۔

پی اے سی نے پروفیسرز کی 25 فیصد سیکیورٹی فیس ضبط کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ مذکورہ پروفیسرز کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی بلاک کیے جائیں۔

ایچ ای سی پشاور اور کراچی ریجن کے ملازمین کو ساڑھے تین کروڑ کا خصوصی الاونس دینے کا بھی انکشاف ہوا۔

آڈٹ حکام نے بتایاکہ ملازمین کو خزانہ ڈویژن کی ہدایات کے برخلاف ادائیگی کی گئی، خصوصی الاؤنس وفاقی اردو یونیورسٹی اور ریجنل سینٹر پشاور کے ملازمین کو دیا گیا، معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، ایچ ای سی کے ملازمین معاملہ عدالت میں لے کر گئے۔

پی اے سی نے عدالتی فیصلے تک آڈٹ پیرا مؤخر کر دیا۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بتایا کہ رواں مالی سال ایچ ای سی نے ایک سو ارب روپے سے زائد کے بجٹ کا مطالبہ کیا تھا، ایچ ای سی کیلئے صرف 66 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔

آڈٹ حکام نے 2013 سے 2018 کے دوران پانچ لاکھ لیپ ٹاپس کی خریداری میں بے ضابطگیوں کا انکشاف بھی کیا۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ مذکورہ عرصہ میں 25 ارب 77 کروڑ روپے کی لاگت سے پانچ لاکھ لیپ ٹاپس خریدے گئے، لیپ ٹاپس کی مقامی سطح پر تیاری کیلئے اسمبلی پلانٹ لگانے کے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، ایچ ای سی نے اسمبلی پلانٹ لگانے کیلئے ہائر الیکٹرکل کارپوریشن کے ساتھ معاہدہ کیا۔

ای ڈی ایچ ای سی نے بتایا کہ رائیونڈ روڈ پر اسمبلی پلانٹ تعمیر کر لیا گیا ہے، ہائر کے لیپ ٹاپس کی ڈیمانڈ نہ ہونے کے باعث اسمبلی پلانٹ چلایا نہیں گیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج پھر کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔