Car Plant

انڈس موٹرزکے بعد پاک سوزوکی نے بھی اپنا پلانٹ بند کردیا

اسلام آباد: انڈس موٹرز(ٹیوٹا)کے بعد پاکستان میں موٹر گاڑیوں کی بڑی کمپنی پاک سوزوکی نے بھی اپنا پلانٹ بند کردیا ہے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق پیداواری پلانٹ دوجنوری بروز پیر سے چھ جنوری بروز جمعہ تک بند رہے گا تاہم یکم جنوری کو اتوار جبکہ 7 اور 8 جنوری کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث پلانٹ کو غیراعلانیہ طور پر 8 دن کے لئے بند کیا گیا ہے۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ درآمدی پابندیوں کی وجہ سے پاک سوزوکی کے لیے یہ بہت نازک وقت ہے، مستقبل کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے یہ بھی علم نہیں یہ پابندیاں مزید کتنے عرصے تک جاری رہیں گی۔

کمپنی نے کہا ہے کہ ڈیمریجز اور کیبور کی بلند ترین سطح ہماری صنعت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ہمارے ڈیلرز اور وینڈرز بھی بالترتیب فروخت اور پیداوار نہ ہونے کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔

حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اس صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گفت و شنید کریں۔ واضح رہے کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ سے قبل ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ 30 دسمبر تک اپنا پروڈکشن پلانٹ مکمل طور پر بند کرچکی ہے۔