مشرق وسطیٰ کیلئے پاکستان کی برآمدات میں 5.57 فیصد کمی

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر مشرقی وسطیٰ کے لیے پاکستان کی برآمدات 5.57 فیصد کم ہوکر 95 کروڑ 18 لاکھ ڈالر رہ گئیں ہیں جو گزشتہ سال 1.008 ارب ڈالر تھے۔

برآمدات میں کمی کی وجہ متحدہ عرب امارات کو برآمدات میں خاطر خواہ کمی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب، قطر اور بحرین کو بھیجے جانے والی برآمدات میں اضافے کے ساتھ ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔

مالی سال 2022-23 کے دوران قطر کو پاکستان کی برآمدات میں 10.57فیصد اضافے سے 8 کروڑ 34 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے 7 کروڑ 55 لاکھ ڈالر تھیں۔

ان برآمدات میں چاول، پیاز، امرود، آم وغیرہ شامل ہیں۔

دوسری جانب کھیل کے شعبے میں پاکستان سے فٹ بال کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال جولائی سے نومبر کے دوران 11.74 فیصد اضافہ ہوا۔

قطر میں ہونے والے فیفا ولڈ کپ 2022 میں پاکستان باضابطہ طور پر فٹ بال کا فراہم کنندہ ملک ہے۔

رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران کویت کو پاکستان کی برآمدات منفی 9.23 فیصد سے بڑھ کر 4 کروڑ 84 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال 5 کروڑ 32 لاکھ ڈالر تھیں۔

کویت کو پاکستان کی برآمدات میں گائے کا گوشت، سمندری غذائیں، خیمے اور چاول وغیرہ شامل ہیں۔

کویت کو سرفہرست شعبہ جاتی برآمدات میں گوشت اور میک اپ ٹیکسٹائل شامل ہیں۔

رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران بحرین کو پاکستان کی برآمدات 27.77 فیصد کے مثبت اضافے سے 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال 2 کروڑ 43 لاکھ ڈالر تھیں۔

بحرین کو پاکستان کی برآمد کی جانے والی سرفہرست مصنوعات میں چاول، سوتی کا دھاگا، پرنٹ کرنے کے لیے سیاہی وغیرہ شامل ہیں۔