چین میں پھیلنے والے کورونا کے نئے ویرینٹ سے پاکستان کو بھی خطرہ ہے، این سی او سی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا کے نئے ویرینٹ سے پاکستان کو بھی خطرہ ہے۔

این سی او سی کے حکام کے مطابق چین میں لاک ڈاون ختم ہونے اور سفر کی بلا روک ٹوک اجازت کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کا خطرہ موجود ہے۔

سی بی ایس نیوز نے رپورٹ کیا کہ چین میں جو کورونا وائرس پھیل رہا ہے، وہ مہلک اومیکرون ویرینٹ بی ایف۔7 یا بی اے.5.2.1.7 کی ذیلی قسم ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین میں رپورٹ ہونے والا ویرینٹ بی ایف۔7 اومیکرون کی تمام اقسام میں سے سب سے زیادہ متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ دوسرے ویرینٹ کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے دوسرے لوگوں میں منتقل ہوتا ہے، یہ ویکسین لگوانے والے یا پہلے سے کورونا کا شکار ہونے والوں کو متاثر کرنے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے، اس کی علامات دیگر اومیکرون ویرینٹ جیسی ہی ہے۔