Port

اشیائے خورو نوش کی درآمدات میں 237 ارب روپے کا اضافہ

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران گزشتہ برس کے مقابلے میں اشیائے خورو نوش کی درآمدات میں 237 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال (23-2022) کے ابتدائی 5 ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران جولائی سے نومبر خوراک کے درآمدی بل میں گزشتہ برس کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 1.63 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران خوراک کی درآمد پر مجموعی طور پر 4 ارب ڈالر سے زیادہ زرمبادلہ خرچ ہوا، گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس 6 کروڑ 53 لاکھ ڈالر یعنی 237 ارب روپے اضافی خوراک درآمد کی گئی۔

دوسری جانب موبائل فونز، کاروں اور پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 66 فیصد کمی کے ساتھ 29 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ رہا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں برس جولائی سے نومبر کے درمیان موٹر گاڑیوں کی درآمدت پر 48 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔

اسی طرح پیٹرولیم مصبنوعات کا امپورٹ بل بھی 8 فیصد کمی کے ساتھ 7 ارب 70 کروڑ ڈالر رہا۔