Interest Rates

بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو دیے جانے والے قرض میں 16 گنا کمی

بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو دیے جانے والے قرضے میں نمایاں کمی آئی ہے اور رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اس میں 16 گنا کمی ریکارڈ کی گئی۔

ایک نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق موجودہ سیاسی عدم استحکام، بڑھتی مہنگائی اور ریکارڈ بلند شرح سود نے نجی شعبے کی طرف لیکویڈیٹی بہاؤ کو متاثر کیا ہے۔

نجی شعبے کو قرض دینا جسے دنیا کی زیادہ تر معیشتوں میں معاشی سرگرمیوں کے پیچھے ایک اہم محرک سمجھا جاتا ہے، یہ رواں سال جولائی سے نومبر کے عرصے کے دوران گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے 470 ارب روپے کے مقابلے میں صرف 27 ارب 50 کروڑ روپے رہا۔

بینکرز سمجھتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے وقت اور اتنی بلند شرح سود کے دوران قرض دینا ان کے اداروں کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے، جب کہ دیوالیہ ہونے کے خطرات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور مالیاتی شعبے کو مشکل صورتحال میں ڈال سکتا ہے۔