Arrest

ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث درجنوں ملزمان گرفتار

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے بینکنگ سرکل نے ڈالر کی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث درجنوں ملزمان کو پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان سے گرفتار کرلیا۔

ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے ملکی معیشت پر گہرے اثرات کے پیش نظر حکومت نے ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات شروع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو کارروائی کا اختیار دے دیا۔

ایف آئی اے بینکنگ سرکل نے پشاور اور ڈی آئی خان میں کارروائیاں کرتے ہوئے ڈالر کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث متعدد دکانوں اور پرائیویٹ مقامات کو سیل کر کے درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے کی غیر ملکی اور پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے، ان اقدامات سے ملک کو معاشی استحکام مل سکے گا۔