PTI Flags

20 دسمبر تک انتخابات کی تاریخ نہ ملی تو اسمبلیاں توڑ دیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 20 مارچ سے پہلے عام انتخابات کا عمل مکمل ہوگا اور اس ضمن میں اتحادیوں کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم 20 دسمبر تک ملک بھر میں عام انتخابات کا کوئی حتمی فارمولا سامنے نہیں لاتی تو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے اکابرین الیکشن نہیں چاہتے لیکن ملک کیسے چلانا ہے کچھ پتا نہیں، صرف وزیر بنانا اور بیرونی دورے کرنے سے ملک نہیں چلتے یہ ایک پیچیدہ اور مشکل کام ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک چلانے کی اہلیت ان حکمرانوں میں نہیں، پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور یہ مستحکم حکومت کے بغیر ممکن نہیں۔