Russia Crops

روس سے ایک لاکھ 30ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنیکی منظوری

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے روس سے ایک لاکھ 30ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اجلاس نے میسرز سیریل کراپ ٹریڈنگ کی سب سے کم بولی کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا گوادر بندرگارہ سے اندرون ملک نقل و حمل پر اضافی لاگت پاسکو برداشت کرے گی، جس کی وصولی صوبوں سے کی جائے گی۔

ای سی سی نے سی پیک پاکستان انرجی ریوالونگ فنڈکوپاکستان انرجی ریوالونگ اکاؤنٹ میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی۔

اسحاق ڈارنے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل،ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹو سیکریٹری ارمینڈا سلسیا الیسجہبانہ سے ملاقات میں کہاپاکستان تباہ کن سیلاب کے تناظر میں اقوام متحدہ کی یکجہتی کا بھرپور اعتراف کرتا ہے تاہم تعمیر نو اور بحالی کیلیے مزید عالمی مدد کی ضرورت ہے۔ارمینڈا نے پائیدار ترقی کیلیے تعاون کی پیشکش کی۔

اسحاق ڈارنے جرمن سفیر الفریڈ گراناس کے ساتھ ملاقات کے دوران تجارتی تعلقات میں اضافے کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ سفیر نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

اسحاق ڈار نے پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ملکی معاشی بہتری کیلیے پی ڈی ایف ایل کی حقیقی صلاحیتیں تلاش کرنے اوران سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔

دریں اثنا پاکستان نے ایک ریوالونگ بینک اکاؤنٹ کھولنے کا چینی مطالبہ تسلیم کرلیا ہے، جس کے نتیجے میں چینی پاور پلانٹس گردشی قرضے کے اثرات سے جزوی طور پر محفوظ ہوجائیں گے تاہم اس فیصلے کے باعث آئی ایم ایف کے کیمپ میں تشویش پیدا ہوسکتی ہے۔

علاوہ ازیں حکومت پاکستان نے 372 ڈالر فی ٹن کے حساب سے مجموعی طور پر 580,000 میٹرک ٹن گندم کی درآمد کی بھی منظوری دے دی ہے۔