کراچی: ایکسپورٹرز گیس بحران سے تنگ آکر لکڑیوں سے فیکٹری چلانے پر مجبور

گیس میں خودکفیل صوبہ سندھ کے سب سے پرانے کراچی کے سائٹ انڈسٹریل ایریا کے بڑے ایکسپورٹرز نے گیس بحران سے تنگ آکر لکڑیوں سے فیکٹری چلانا شروع کردیں۔

گیس بند ہونے کے بعد بڑے ایکسپورٹرز نے سیکڑوں سال پرانا طریقہ اپنا لیا، ہزاروں ٹن لکڑیاں خریدیں اور فیکٹری کا بوائلر چلانا شروع کردیا۔

گیس میں خودکفیل صوبہ سندھ میں آج سے 28 فروری تک فیکٹریوں کی گیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وہ ایکسپورٹرز جنہیں عالمی کاروباری چَین کو پاکستان سے زائد مال اٹھانے پر رضامند کرنا ہوتا ہے، وہ اب لکڑی کی ٹال والوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔

ڈالر کی قدر اور سیاسی صورتحال نے فیکٹری مالکان کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔

مختلف فیکٹری مالکان نے فرنس آئل اور ایل پی جی سمیت مختلف متبادل ذرائع سے فیکٹریاں چلانا شروع کردیں۔

خیال رہے کہ لکڑی جلا کر بڑی فیکٹری چلانے کا یہ تصور کراچی میں نیا ہے۔