زبیر موتی والاکو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا سی ای او بنانے کی منظوری

کراچی: وفاقی کابینہ نے سی ای او، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی تقرری کی منظوری دے دی۔

کراچی چیمبر کے سابق صدر اور بزنس مین گروپ کے سربراہ زبیر موتی والا کو ’’ٹڈاپ‘‘ کا نیا سربراہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے سرکولیشن کے ذریعے تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔سی ای او ’’ٹڈاپ‘‘ کی تعیناتی وزارت تجارت کی سمری پر کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زبیر موتی والا کی تعیناتی اعزازی ہوگی اور وہ تنخواہ نہیں لیں گے۔ وفاقی حکومت نے سی ای او ’’ٹڈاپ‘‘ کی تعیناتی مسابقتی عمل کے بغیر کی ہے، توقع ہے کہ آئندہ ہفتے تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عارف احمد خان نے سی ای او ’’ٹڈاپ‘‘ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔