ملک میں گیس کی قلت، کھانا پکانے کیلئے صرف 3 وقت دی جائیگی

ملک میں گیس نہیں، سردیاں مشکل ہوں گی، گیس صرف 3 وقت کھانا پکانے کے اوقات میں دی جائے گی۔

سیکریٹری پیٹرولیم محمد محمود نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں صرف 8 گھنٹے گیس دی جا سکے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث گیس کی تلاش اور پیداوار کے لیے بڑی کمپنیاں نہیں آ رہیں۔

دوسری جانب سردی میں اضافہ ہوتے ہی وادیٔ کوئٹہ اور زیارت میں سوئی گیس پریشر میں کمی کے مسئلے میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

گیس کے مسئلے کے باعث سرد موسم میں شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔

کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں سوئی گیس غائب ہو گئی جبکہ متعدد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث شہری سراپا احتجاج ہیں ۔

کوئٹہ میں صبح کم سے کم درجہ حرارت 4 اور زیارت میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دونوں شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے تاہم گیس پریشر کا مسئلہ حل ہونے کی بجائے مزید بڑھ گیا ہے۔

کوئٹہ کے مختلف وسطی اور کئی نواحی علاقوں میں صبح اور شام کے وقت گیس کا پریشر کم ہو جاتا ہے۔

ادھر زیارت میں صبح کے وقت سردی میں اضافہ ہوتا ہے، ایسے میں شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔