پاکستان میں آئندہ سال جولائی سے فائیو جی سروس شروع کرنے کا اعلان

کراچی: وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسمارٹ فونز کی مینوفیکچرنگ شروع ہوچکی ہے اور جولائی 2023 تک پاکستان میں 5G لاؤنچ کر دیا جائے گا۔

شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ کیرئیر فیسٹ2022 سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی انڈسٹریز اور جامعات کے باہمی اشتراک سے مستقبل کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ ملک کے ہرحصے میں موجود افراد کی ٹیکنالوجی تک رسائی کو ممکن بنایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیگر 43 وزارتوں کے برآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن میں ہوا ہے۔دیگر وزارتوں کی برآمدات میں دو سے تین فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کی برآمدات میں 47.44 فیصداضافہ ہواہے۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ 20-2019 میں بھی اسٹارٹ اَپس کےلئے 75 ملین ڈالرز تھے جبکہ 2020 میں اسے بڑھا کر 373 ملین ڈالرز کردیا گیا اور اس کو 500 ملین ڈالرز تک لے کر جائیں گے۔