Cholestrol Chip

تھری ڈی پرنٹر سے تیار کولیسٹرول ناپنے والی مائیکروچپ

ماسکو: خون میں چکنائیوں اور گاڑھے پن کی وجہ بننے والے کولیسٹرول کی پیمائش کے لیے روایتی ٹیسٹ درکار ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں اب روسی ماہرین نے تھری ڈی پرنٹر سے ایک مائیکروچپ بنائی ہے چھوٹی انگلی کے ناخن سے بھی مختصر ہے اور کولیسٹرول میٹر کا درجہ رکھتی ہے۔

روس کی اورل فیڈرل یونیورسٹی (یوآرایف یو) کے سائنسدانوں نے جو چپ بنائی ہے جو وہ پروٹین استعمال نہیں کرتی بلکہ کاپر کلورائیڈ کی مدد سے اپنا کام کرتی ہے۔ اس طرح ایک کم خرچ اور مؤثر کولیسٹرول پیما سامنے آیا ہے جو استعمال میں آسان اور قابلِ اعتبار بھی ثابت ہوگا۔ اس کی تفصیلات جرنل آف الکیٹرواینالیٹکل کیمیسٹری میں شائع ہوئی ہے۔

اگرچہ ہم کولوری میٹر، کروماٹوگرافی اور اینزائم (خامروں) کی مدد سے کولیسٹرول ناپ رہے ہیں لیکن یہ مہنگے اور وقت طلب طریقے ہیں۔ تاہم کاپر کلورائیڈ کولیسٹرول کے سامنے بہت حساس ہوتا ہے جس پر خون کی معمولی مقدار ڈال کر کولیسٹرول کی پیمائش لی جاسکتی ہے۔ پھر چپ پر ایک خاص کیمیکل ’ایسیٹونائٹرائل‘ ڈالا جاتا ہے جو کولیسٹرول کی پیمائش میں مدد دیتا ہے۔

لیکن چپ پر کولیسٹرول جذب کرنے والے مقناطیسی نینوذرات بھی بچھائے گئے ہیں اور اس طرح خون کے دیگر اجزا کو چھوڑ کر صرف کولیسٹرول کی ہی پیمائش کی جاسکتی ہے۔ اس کے بعد ایک اینالائزر کولیسٹرول کی زیادتی کی پیمائش کرتا ہے اور اس سے مریض کو آگاہ کرسکتا ہے۔ لیکن واضح رہے کہ اس چپ کی تیاری میں کئی برس کی محنت اور تحقیق شامل ہے۔