راولپنڈی؛ پی ٹی آئی دھرنے کا چوتھا روز، راستے بند، شہریوں کو شدید پریشانی

راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں تحریک انصاف کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا جب کہ اس وجہ سے راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔

راولپنڈی مری روڈ سمیت 5 اہم شاہراہوں پر مظاہرین نے احتجاجی کیمپ قائم کررکھے ہیں۔ اہم اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والی شاہراہ شمس آباد سے مکمل بند ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا

بعد ازاں احتجاجی دھرنے کے چوتھے روز تحریک انصاف نے راولپنڈی کی مصروف شاہراہ مری روڈ پر شمس آباد کے مقام سے دھرنا ختم اور احتجاجی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ راولپنڈی قیادت کے حکم پر ہم مری روڈ کھول رہے ہیں، جس کے بعد مظاہرین نے مری روڈ کے اہم مقام شمس آباد سے شامیانے ہٹا دیے۔ اس سلسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا احتجاجی کیمپ بدستور جاری رہے گا۔

دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے اہل کاروں کو ٹریفک بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے

دریں اثنا راولپنڈی میں تعلیمی ادارے آج تیسرے روز بھی بند ہیں۔ مری روڈ سے اسلام آباد جانے والے شہریوں کو زحمت کا سامنا ہے جب کہ دفاتر اور دیگر منزلوں پر جانب والے افراد بڑی تعداد میں رش میں پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کو کھلے رہیں گے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں تمام سڑکیں کھلی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری روڈ بوجہ احتجاج شمس آباد اسٹاپ کے قریب ڈائیورژن ہے۔متبادل کے طور پر، سید پور روڈ، کمرشل مارکیٹ کُری روڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اولڈ ائرپورٹ روڈ دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مین پشاور روڈ اور مال روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، تاہم آئی جے پی روڈ اسلام آباد کی جانب ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔متبادل کے طور پر مین پشاور روڈ، ویسٹریج، چوہڑ چوک، ماربل فیکٹری روڈ، گولڑہ موڑ، سری نگر ہائی وے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں جہلم روڈسوان پل کے قریب ایس او ایس کے پاس کچہری کی جانب سڑک بند ہے ۔سواں پل سے کچہری کی جانب دو طرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔ جی ٹی روڈ ٹیکسلا نزد بائی پاس چوک اور مارگلہ ہلز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ متبادل کے طور پرموٹر وے ایم ون کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔