Dollar Currency

حکومت نے ڈالر کے پر کترنے کیلیے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور مرکزی بینک نے زرمبادلہ کی خریداری اور بیرون ملک ارسال کرنے کی فی کس سالانہ حد ایک لاکھ سے کم کرکے 50 ہزار ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد اوپن مارکیٹ میں سٹے بازی کی وجہ سے ڈالر کی بڑھی ہوئی قدر کو کم کرنا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی دارالحکومت میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جو فارن کرنسی ڈیلرز سٹے بازی میں ملوث ہیں، ان کے خلاف ایف آئی اے کارروائی کرے گی کیونکہ محض چند ایکسچینج کمپنیوں پر جرمانے عائد کرنے یا ان کے لائسنس معطل کرنے جیسے اقدامات تاحال موثر ثابت نہیں ہوئے۔

غیرملکی کرنسی کی یومیہ خریداری اور بیرون ملک ارسال کرنے کی زیادہ سے زیادہ حد بھی 10ہزار سے کم کرکے 5 ہزار ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک ان فیصلوں کو نافذالعمل کرنے کے لیے موجودہ ایکسچینج کمپنیز قوانین میں ترمیم کی غرض سے جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کردے گا۔