Imran Khan Long March

عمران خان نے تین افراد کو حملے کا ذمہ دار قرار دیدیا

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تین افراد کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

ویڈیو پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپتال میں عمران خان کا طبی معائنہ ہوگیا ہے اور اللہ کا شکر ہے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو اگر اس بات پر کوئی شک تھا تو وہ دور ہونا چاہئے جو عمران خان کہتے تھے کہ میں حقیقی آزادی کےلیے جان دینے کےلیے تیار ہوں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے چند دن قبل عمران خان کو خطرات سے آگاہ کردیا تھا مگر انہوں نے کہا کہ ہم جس جہاد کےلیے نکلے ہیں ہمیں سب کچھ اللہ پر چھوڑ دینا چاہئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اب سے تھوڑی دیر قبل عمران خان نے مجھے اور میاں اسلم اقبال کو بلایا اور کہا کہ میری طرف سے قوم کو یہ پیغام دو کہ میرے پاس پہلے سے معلومات تھیں اور تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں یہ سب کچھ کروایا ہے۔ اور یہ تین لوگ شہبازشریف، راناثنااللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں اور یہ میں معلومات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تینوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے اور اگر نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا جس وقت عمران خان نے کال دی یہ احتجاج شروع ہوجائے گا۔