PTI Container

مبینہ حملہ آور کا بیان لیک کرنے پر ایس ایچ او سمیت تمام عملہ معطل

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرآباد واقعے کے مبینہ حملہ آور کا بیان لیک کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام عملے کو معطل کردیا، موبائل فونز کے فارنزک کی بھی ہدایت کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر وزیرآباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کردی، واقعے میں عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید سمیت 8 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔

واقعے میں ملوث ملزم کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جس کا ایک ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہا تھا، اس لئے مارنے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مبینہ حملہ آور کا ویڈیو بیان لیک کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

چوہدری پرویز الٰہی تھانے کے تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے، موبائل فونز کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے گا۔

انہوں نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائیں گے۔