چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج

کراچی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

لانگ مارچ پر ہونے والے حملے کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے سڑکیں بلاک کیں اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔

راولپنڈی ، لاہور، کراچی، حیدر آباد،پشاور سمیت ملک کئ کئی شہروں میں پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حملے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

کراچی کی مرکزی شاہراہ فیصل بھی پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کیا گیا، احتجاج کے باعث طویل ٹریفک جام رہا۔

احتجاج کے باعث اسلام آباد جانے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں،پی ٹی آئی کارکن مری روڈ پر بھی نکل آئے اور ٹائر جلا کر روڈ بند کردیا۔

لاہورمیں لبرٹی چوک، شاہدرہ چوک اور جی پی او چوک پر بھی پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔

حیدرآباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا لطیف آباد یونٹ نمبر ٹو میں انصاف ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پرامن لانگ مارچ پر فائرنگ کروائی گئی۔

ملتان میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین نے احتجاجا ٹائر نذر آتش کئے اور روڈ بلاک کردی۔