کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر ترک وزارت خارجہ نے مذمتی بیان جاری کیا ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر آج ہونے والے خودکش حملے میں 27 افراد شہید اور 40 زخمی ہوگئے تھے، 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکا صبح 8 بجکر 25 منٹ پر کیا گیا، جب پلیٹ فارم پر جعفر ایکسپریس کے مسافروں کا رش تھا، خود کش حملہ آور نے 8 سے 10 کلو بارودی مواد کا بیگ اٹھایا ہوا تھا، جس نے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔