وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی سہولت پیکج کے تحت معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی ، لوگ سردیوں میں مہنگی گیس کی بجائے بجلی پر اپنی ضروریات پوری کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا بجلی کی قیمت کم کریں گے اور قیمت کم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ہم نے بجلی کی قیمت میں کمی کا ایک اور سنگ میل عبورکیا اور بجلی کے اضافی استعمال پر صارفین کو ریلیف کا فیصلہ ہوا، صارفین اور انڈسٹری کو 26 روپے تک اضافی استعمال پر ریلیف دیا گیا۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے سستی بجلی سے معاشی سرگرمی جاری رہے اور ہر سال 6 ماہ کیلئے ایسا پیکج لے کرآئیں، ہمارا خیال تھا ہم ونٹر پیکج کو 31 مارچ تک کرسکیں گے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی ماضی میں بد انتظامی کا شکار رہا، جن منصوبوں کو 2018 میں ختم ہونا تھا وہ 2026 میں ہوں گے، منصوبوں میں تاخیر ہمارا نظام برداشت نہیں کرسکتا، منصوبوں کی تاخیرسےلاگت بھی بڑھی، این ٹی ڈی سی کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام درست نہیں این ٹی ڈی سی کو جھنجوڑ کر نئے ادارے کے قیام کی ضرورت محسوس کی۔
ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کیلئے بجلی سہولت پیکج کا مقصد تجربہ بھی کرنا ہے تا کہ پھر 6 ماہ کیلئے نافذ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کی اجازت کے بعد ترسیلی نظام کو 3 کمپنیز میں تقسیم کیا جائے گا، پہلا آزادانہ مارکیٹ آپریٹرہوگا جو مارکیٹ میں بجلی کی خرید و فروخت بہتر بنائے گا اور آسان بنائےگا، پھر بجلی بیچنے کا مرکز حکومت نہیں ہوگی وہ اسٹاک ایکسچینج کی طرح مرکز قائم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی سستی ہونے سے صنعتوں کی پیداوار بڑھے گی، 26 روپے والے سہولت پیکج سے بجلی کی مانگ بڑھے گی۔