متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہے ہمیں اگر دیوار سے لگایا گیا تو دیوار کو بچانا مشکل ہو جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کو متحد رکھنے کے لیے اپنے حصے سے زیادہ قربانی دے چکے ہیں، ہمیں لگتا تھا موجودہ نگراں وزیراعلیٰ انصاف سے کام لیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے نگراں حکومت کے بھی کچھ نگراں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل لیاقت آباد میں ایم کیو ایم کا جلسہ ہوگا۔ آنکھوں میں تعصب کی سیاست کا عینک نہیں لگا تو ایم کیو ایم کے دور کا کراچی اور آج کا کراچی دیکھیں، کیا 2008ء کا کراچی ایسا تھا جیسا آج ہے، کراچی ہزاروں ارب روپے ٹیکس دیتا ہے، اعداد و شمار نکالیں اور دیکھیں پاکستان کے دیگر شہر کتنا ٹیکس دیتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ جمہوریت کے ثمرات عام پاکستانیوں کی دہلیز تک نہیں پہنچ رہے، کراچی میں جو بھی کام ہوا وہ ایم کیو ایم کے دور میں ہوا۔

