سنگاپور کی حکومت نے ملک میں بچوں کی پیدائش کی شرح میں ریکارڈ کمی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک انتہائی اہم اور منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کی شادیاں کرانے کے لیے باضابطہ میچ میکنگ سروس اور رشتہ ایپ کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس سرکاری میچ میکنگ سروس کی ایپ پر اہل شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر استعمال کرکے ایک خصوصی سروے میں حصہ لیتے ہیں۔
اس سروے میں امیدواروں کی ذاتی دلچسپیوں، عادات اور اقدار سے متعلق سوالات شامل ہوتے ہیں، جبکہ اس سروس میں شرکت کے لیے عمر کی حد 21 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس اور دستیاب دستاویزات کے مطابق اس تمام حکمت عملی کا بنیادی مقصد ملک میں مسلسل گھٹتی ہوئی شرحِ پیدائش کو بڑھانا اور والدین پر آنے والے مالی بوجھ کو نمایاں طور پر کم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں سنگاپور حکومت نے ملک میں پیدا ہونے والے ہر نئے بچے کے لیے 17 سال کی عمر تک مجموعی طور پر 55 ہزار امریکی ڈالر کی خطیر مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو کہ پاکستانی روپوں میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ امدادی رقم بچوں کی پیدائش سے لے کر 17 سال کی عمر تک کے مختلف تعلیمی و پرورش کے مراحل میں فراہم کی جائے گی۔
