وزیراعظم شہباز شریف نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا بنیادی مقصد تھا، جس کے حصول کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت، غیر معمولی سیاسی حکمت عملی اور ثابت قدمی کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کے قیام کی راہ ہموار کی اور مذہبی، تہذیبی اور نظریاتی شناخت کے تحفظ کے لیے اتحاد و عزم کا درس دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم نے قیامِ پاکستان کے بعد نوزائیدہ مملکت کو درپیش انتظامی، مالیاتی اور دیگر سنگین چیلنجز کا مدبرانہ انداز میں مقابلہ کیا۔ لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری، ریاستی نظام کی تشکیل اور ملک کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا ان کی غیر معمولی قیادت کا مظہر تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح صرف قومی اتحاد اور مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کرنے پر زور دیا کہ پوری قوم قائداعظم کے رہنما اصولوں ’’ایمان، اتحاد، نظم و ضبط‘‘ پر عمل کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پوری قوم بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہے۔

