اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے ڈیجیٹل پروف آف لائف اور پنشن کی ادائیگی کا نظرثانی شدہ طریقہ کار جاری کرتے ہوئے کمرشل بینکوں کا پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق یا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ (پی او ایل سی) کی توثیق میں کردار ختم کر دیا ہے۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق وفاقی حکومت کے ریٹائرڈ سول سرونٹس، جو وفاقی پنشن قواعد کے تحت پنشن وصول کر رہے ہیں، نئے طریقہ کار کے تحت ڈیجیٹل نظام کے ذریعے زندگی کی تصدیق کرائیں گے۔
نظرثانی شدہ ایس او پی کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس (سی جی اے) اور ملٹری اکاونٹنٹ جنرل (ایم اے جی) کے ساتھ محفوظ اے پی آئی کے ذریعے مربوط کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پنشنر کی زندگی سے متعلق ڈیجیٹل سگنل براہ راست نادرا سے کنٹرولر جنرل اکاونٹس(سی جی اے) و ملٹری اکاونٹنٹ جنرل(ایم اے جی)کو منتقل ہوگا اور کمرشل بینکنگ چینلز کو اس عمل سے خارج کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق کمرشل بینک صرف پنشن کی ادائیگی کے ادارے کے طور پر کام کریں گے اور معمول کے حالات میں پروف آف لائف سرٹیفکیٹ یا بائیومیٹرک ڈیٹا کی تصدیق، وصولی یا محفوظ رکھنے میں ان کا کوئی انتظامی یا قانونی کردار نہیں ہوگا۔ تاہم نادرا کے مقررہ نظام کے تحت پروف آف لائف سرٹیفکیٹ (پی او ایل سی) کے اجرا کے لیے بینک صرف مجاز آپریشنل ذریعے کے طور پر کام کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ کسی پنشنر کا پنشن اکاونٹ پنشن کی ادائیگی یا پراسیسنگ کے مقصد سے بینک کی جانب سے ڈارمنٹ نہیں کیا جا سکے گا۔نئے ایس او پی کے تحت کاغذی ڈسبرسرز ہاف کا طریقہ کار بھی ختم کر دیا گیا ہے کیونکہ وفاقی پنشن کی ادائیگی اب خصوصی طور پر ڈائریکٹ کریڈٹ سسٹم (ڈی سی ایس ) کے ذریعے ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نظرثانی شدہ طریقہ کار اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اکاونٹس دفاتر، نادرا اور وزارت خزانہ کے بجٹ ونگ سمیت تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد پنشنرز کے لیے آسان طریقہ کار فراہم کرنے کے ساتھ تصدیقی عمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 22 اگست 2026 کے بعد پنشن اکاونٹس کو ڈارمنٹ قرار نہیں دیا جائے گا اور وفاقی حکومت کے ریسیپٹ اینڈ پیمنٹ رولز 2025 کے تحت پنشن اکاونٹس پر بینکوں کی معمول کی ڈارمنسی شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔نئے نظام کے تحت پنشنرز کو نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا نادرا رجسٹریشن سینٹرز، موبائل یونٹس، ای سہولت فرنچائزز یاصرف نادرا کے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ (پی او ایل سی) مراکز کے طور پر کام کرنے والی بینک برانچز پر مشتمل نادرا کے مجاز ذرائع کے ذریعے پروف آف لائف کی تصدیق کرانا ہوگی۔
یہ تصدیق ہر چھ ماہ( یعنی 180 دن) میں کم از کم ایک مرتبہ لازمی ہوگی، مارچ اور ستمبر میں لازمی تصدیق کا سابقہ طریقہ کار ختم کر دیا گیا ہے اور پنشنر 180 دن کے مقررہ وقفے کے اندر کسی بھی وقت تصدیق کرا سکیں گے۔خاندانی پنشن حاصل کرنے والے ایسے افراد جن کی پنشن ازدواجی حیثیت سے مشروط ہے، انہیں ضرورت کے مطابق فارم 12 کے ذریعے متعلقہ ڈیکلریشن جمع کرانا ہوگا۔اکاؤنٹ کی منتقلی مقررہ شیڈول بینک کے ذریعے کی جائے گی جبکہ اضافی ادائیگی یا کسی قسم کے فرق کی اطلاع متعلقہ اکاونٹس آفس اور بینک کو براہ راست دینا ہوگی۔

