بیرون ملک سفر کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار

اسلام آباد: بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لیے ویکسی نیشن لازمی قراردیدی گئی۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ملک سے باہر سے آنے والے اور جانے والے افراد حفاظتی ٹیکے لگوائیں، گردن توڑ بخار کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ مسافروں کے پاس ہونا چاہیے اور حج اور عمرہ پر جانے والوں کے لیے یہ سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر میں بین الاقوامی مسافروں کو ویکسی نیشن کی سہولت ملے گی، ان کی انٹری نادرا کے ڈیٹا بیس میں ریکارڈ ہوگی، بہت سارے لوگ علاج معالجے کے لیے بھی سفر کرتے ہیں، جو بھی پرواز سے آئے گا ہیلتھ ڈیسک کے پاس اس کا ڈیٹا رکھ رہے ہیں۔

یہ سارا سسٹم کیش لیس اور ڈیجیٹائز ہے، ہم ہوں نا ہوں یہ نظام چلے گا، نادرا سے سرٹیفکیٹ کی جانچ ہوجائے گی۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ سفر کے لیے اب ویکسی نیشن لازمی کرانی ہوگی۔

ائیرپورٹ پر محکمہ صحت اور نادرا کا کائونٹر بھی موجود ہوگا، زیادہ تر ڈی پورٹ ہونے والے طبی بنیادوں پر واپس آتے ہیں، فلو، گردن توڑ بخار اور پولیو کا ایک سرٹیفکیٹ ڈیجیٹل ہوگا، پاکستان کے تمام شناختی کارڈ نمبر میڈیکل ریکارڈ نمبر بن جائیں گے۔