3صوبوں،اسلام آباد پولیس کو مطلوب4ڈاکوپشاور میں ہلاک

پشاور:پشاور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے 4کارندے ہلاک کردیے گئے جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے۔

پشاور پولیس نے تھانا یکہ توت کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے3صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب انتہائی خطرناک جرائم پیشہ گینگ کے 4 ارکان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ملزمان پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، گاڑیاں چھیننے اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔

ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ملزمان خود کو سیکورٹی اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے جبکہ گینگ کے کئی کارندے مختلف مقدمات میں نامزد اور گرفتار بھی ہوچکے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ نے ڈی ایچ اے کراچی میں تقریباً 8 کروڑ روپے، راجہ بازار راولپنڈی میں10 کروڑ روپے اور دیر میں5 کروڑ روپے کی مبینہ ڈکیتی کی تھی۔

سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ ملزمان نے سوات میں تقریباً8 کروڑ روپے، حیات آباد میں80 لاکھ روپے اور چمکنی میں تقریباً2 کروڑ روپے کی ڈکیتی بھی کی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے جھنگ میں ایم پی اے خالد سرگانہ کے گھر مبینہ ڈکیتی کی تھی، سندھ اسمبلی کے ایک رکن کے گھر سے 168 تولے سونا بھی لے گئے تھے جبکہ ملزمان نے اعلیٰ سرکاری شخصیت کے صاحبزادے سے تقریباً 6 کروڑ روپے کا مبینہ فراڈ بھی کیا تھا۔