نادراسروسز کی فراہمی مزید آسان،اے ٹی ایم طرز کی مشین متعارف

اسلام آباد:نادرا نے شہریوں کو بنیادی سروسز کی فراہمی اب مزید آسان بنادی۔

شناختی کارڈ بنوانا ہو، تجدید کرانی ہویا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لینا ہو، نادرا کے مراکز پر لمبی قطار اور اپنی باری کا انتظار اب نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ نادرا ایسی مشین لے آیا ہے جو دکھائی دینے میں تو اے ٹی ایم جیسی ہے لیکن کام آپ کے شناختی کارڈ سے متعلق کرتی ہے۔

اس مشین کو سیلف سروس کیاسک کہتے ہیں یعنی اب ہر چھوٹے کام کے لیے کائونٹر پر جانے کی ضرورت نہیں۔

نادرا کی جانب سے متعارف کردہ مشین کو استعمال کرنا بھی آسان ہے، پہلے مشین کے سامنے اپنی شناخت کی تصدیق کریں، اسکرین پر مطلوبہ سروس منتخب کریں، پھر مشین آپ کو اگلا مرحلہ بتاتی جائے گی۔

اس حوالے سے ترجمان نادرا سید شباحت علی کا کہنا ہے کہ65 سے 70 فیصد لوگ ان خودکار مشینوں کے ذریعے بغیر کسی رش کے اپنا کام کرا سکتے ہیں۔