لندن:الجزائر میں ایک یتیم خانے میں آگ لگنے سے بچوں سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق الجزائر کے دارالحکومت الجزائر کے قریب واقع ایک یتیم خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے یتیم خانے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یتیم خانے میں آگ کے نتیجے میں بچوں سمیت11 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ آتشزدگی سے10 افراد شدید جھلسے ہیں اور5 معذور افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔دوسری جانب الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ افسوس کا اظہارکیا ہے۔

