وزیراعظم شہباز شریف نےآئندہ سال حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنےکی ہدایت دیتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور سے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ طلب کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پروزارتِ مذہبی امور نے حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیےہوم ورک کا آغاز کردیا ہے، مجوزہ منصوبے کے تحت آئندہ حج آپریشن کے زیادہ ترمراحل آن لائن اورجدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے،جبکہ حج درخواست، تصدیق اور ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جائے گا۔
ذرائع کےمطابق عازمینِ حج کےلیےایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانےکی تجویز زیرِغور ہے، جس کے ذریعےحج سےمتعلق تمام مراحل کوایک ہی نظام سےمنسلک کیاجائےگا،اس منصوبےمیں نادرا،بینکاری نظام اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیٹا کو بھی باہم مربوط کرنے کی سفارش شامل ہے۔
ذرائع نےبتایا کہ حج انتظامات میں شفافیت،رفتار اورسہولت بڑھانے کے لیےجدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائےگا،انسانی مداخلت کم کرکےخودکار نظام کو فروغ دیاجائےگا،جبکہ شکایات کےاندراج اورانکے ازالے کے لیے بھی جدید ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرایا جائے گا۔

