آپ کسی نئے مصروف شہر میں نیوی گیشن کر رہے ہوں یا اپنے آبائی علاقے میں کسی جگہ کو تلاش کر رہے ہوں تو گوگل میپس کا استعمال اب عام ہوچکا ہے۔
گوگل میپس میں ایسے متعدد فیچرز موجود ہیں جو اجنبی مقامات میں گھومنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
جب بھی آپ گوگل میپس کو اوپن کرکے روٹ لوڈ ہونے کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں تو ایک نیلے رنگ کا نکتہ یا بلیو ڈاٹ نظر آتا ہے، یہ بلیو ڈاٹ ہمیشہ مکمل طور پر ساکت نظر آتا ہے۔
مگر زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ نیلے رنگ کے اس نکتے کا حجم یا سائز مسلسل بدلتا رہتا ہے۔
یعنی یہ بلیو ڈاٹ جو درحقیقت آپ کی موجودہ لوکیشن کی نمائندگی کرتا ہے، کبھی نیم شفاف دائرے میں جگمگاتا نظر آتا ہے اور پھر واپس چھوٹے نکتے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
تو ایسا کیوں ہوتا ہے اور اس کا مطلب کیا ہوتا ہے؟
بلیو ڈاٹ کے حجم میں یہ تبدیلی درحقیقت گوگل میپس کے انٹرفیس کا ایک اہم ٹول ہے۔
اس سے گوگل کی جانب سے بتایا جاتا ہے کہ میپس کس حد تک آپ کی موجودہ لوکیشن کے بارے میں پراعتماد ہے۔
ہمارا اسمارٹ فون جی پی ایس سیٹلائیٹس، موبائل ٹاورز اور قریبی وائی فائی نیٹ ورکس کو استعمال کرکے تعین کرتا ہے کہ آپ کہاں موجود ہیں۔
جب یہ تمام سگنلز بہترین انداز سے کام کرتے ہیں تو گوگل میپس کو آپ کی پن پوائنٹ لوکیشن کا علم ہوتا ہے مگر جب ان سگنلز کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے تو ایپ کو پھر لوکیشن کا اندازہ لگانا پڑتا ہے تو بلیو ڈاٹ کا سائز زیادہ ہوتا ہے تو وہ کوئی غلطی نہیں بلکہ کسی غلطی کے امکان کا اظہار کرتا ہے۔
آسان الفاظ میں زیادہ بڑے سائز کا بلیو ڈاٹ بتاتا ہے کہ آپ ایک جنرل زون کے اندر موجود ہیں مگر بالکل درست لوکیشن بتانا مشکل ہے۔
مگر جب چھوٹا بلیو ڈاٹ نظر آتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ گوگل میپس کو آپ کی بالکل درست لوکیشن کا علم ہے۔

